سعودی عرب کے 150 شہزادے کورونا میں مبتلا ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے کم از کم 150 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کو محفوظ مقام پر آئسولیٹ کردیا گیا ہے

امریکی خبر رساں ادارے نیو یارک ٹائمز میں دی گئی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں شہزادے کورونا میں مبتلا ہیں جس میں متاثر ہونے والے شاہی خاندان کے سینئراورجونیئر افراد شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سعودی  دارالحکومت ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز آل سعود بھی کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں، وہ اس وقت آئی سی یو میں ہیں، ان کی عمر 70 سال کے قریب ہے ۔

سعودی عرب کے شاہی خاندان کے افراد کے علاج کیلئے مختص کیے گئے ہسپتال میں500 بیڈز تیار کیے جارہے ہیں۔ جس کا مقصد کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی سے نمٹنا ہے۔  کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال کی جانب سے منگل کے روز تمام ڈاکٹرز کو ایک مراسلہ بھیجا گیا ہے جس میں انہیں ملک بھر سے وی آئی پی شخصیات کے علاج کی تیاری کے حوالے سے کہا گیا ہے۔

مراسلے میں لکھا گیا ہے ” ہمیں نہیں پتا کہ کتنے کیسز آنے والے ہیں لیکن ہمیں ہائی الرٹ رہنا ہوگا، عام مریضوں کو جلد از جلد منتقل کردیا جائے ، ہسپتال میں  صرف اعلیٰ شخصیات کے ایمرجنسی کیسز دیکھے جائیں گے۔