نیوز پلس( نیوز پلس) ماں مجھے لینے آئی ہے  مجھے یقین ہے کہ اب میں مر جاؤں گا  یہ الفاظ معروف بھارتی اداکار عرفان خان نے  اپنی موت سے صرف ایک گھنٹہ پہلےاپنے اہل خانہ کے سامنےکہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان اپنی زندگی کے آخری لمحات میں  مسلسل اپنی مرحوم والدہ کو دیکھ رہے تھے جن کا انتقال اداکار کے انتقال سے تین روز قبل ہوا تھا اور وہ لاک ڈاؤن کے باعث ان کے جنازے میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

عرفان خان کو اپنی والدہ سے شدید لگاؤ تھا اور وہ ان کے جنازے کو کندھا نہ دینے پر انتہائی غمزدہ تھے رپورٹس کے مطابق  اداکار کے پاس آخری وقت میں ان کی اہلیہ، بیٹا بابیل، سابق مینیجر آصف اور ڈرائیور حشمت موجود تھے۔

دنیا سے رخصت ہونے سے قبل عرفان خان نے اپنی اہلیہ سے کہا کہ ’دیکھو مجھے اماں لینے آئی ہیں ، وہ میری تکلیف کم کرنے آئی ہیں۔ آخری کلمات ادا کرتے ہوئے اداکار نے اپنی اہلیہ سے یہ بھی کہا کہ ’ میں ہار چکا ہوں، اب مجھے یقین ہے کہ میں مرجاؤں گا، اماں کمرے میں موجود ہیں، دیکھو وہ میرے ساتھ بیٹھی ہیں، مجھے لینے آئی ہیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان خان کی اہلیہ شوہر کی باتیں سن کر جذبات قابو میں نہ رکھ سکیں اور زارو قطار رونے لگیں، اسی دوران ان کی طبیعت بگڑی جس کے ایک گھنٹے بعد ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی اور یوں عرفان خان ماں کو یاد کرتے کرتے  ماں کے پاس چلا گیا۔