سینئر رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان فیصل سبزواری نے پاکستان پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئےکہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اپنے13سالہ دور حکومت  میں کراچی کو 13 بسیں اور 13 بوند پانی تک نہیں دے سکی۔ صوبائی حکومت 13سالہ اقتدار کے دوران کئی ہزار ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز بھی ہڑپ کر گئی۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ  پیپلز پارٹی اور بلاو ل بھٹو زرداری ہماری سمجھ سے باہر نہیں ہیں۔ صوبائی حکومت نکاسی آب کے منصوبہ بناسکی اور نہ ہی شہریوں کےلیے پانی لاسکی۔فیصل سبزواری نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے حوالے سے بات کرے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کہتے ہیں کراچی کے مسائل ایم کیو ایم اور اس کے ووٹوں کی وجہ سے ہیں۔

پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو زرداری پہلے ہمارے سوالات کا جواب دیں اور پھر ہم سے جواب مانگیں۔اس سے قبل کراچی میں تقریب سے خطاب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ مجھے نہیں معلوم  ایم کیو ایم کی کیا مجبوری ہے کہ وہ وفاقی حکومت کا حصہ ہے۔