مصری فوج میں ایک اعلیٰ میجر جنرل کرونا وائرس کے باعث چل بسے۔

امریکی خبر رساں ادارے وائس آف امریکہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے مصری فوج کے افسر میجر جنرل خالد شلتوت تھے۔ وہ واٹر ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر بھی تھے۔ مصری فوج کی جانب سے ان کی موت پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میجر جنرل خالد کرونا وائرس میں مبتلا تھے اوربروز اتوار ان کی موت واقع ہو گئی۔

مصری فوج کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ”میجر جنرل خالد شلتوت کا شمار قابل ترین فوجی افسروں میں ہوتا تھا۔ ان کے کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے پر مصری فوج میں صدمے اور سوگ کی کیفیت ہے۔“ رپورٹ کے مطابق مصری فوج نے لبریشن کمپلیکس، مرکزی چوراہوں، شاہراہوں، سب ویز، میٹرو ٹرین، جامعات، پارلیمنٹ ہاﺅس اور وزیراعظم ہاﺅس سمیت دیگر عمارات کی صفائی کاعمل شروع کر رکھا ہے۔

اسی دوران میجر جنرل شلتوت کو وائرس لاحق ہوا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ”میجر جنرل شلتوت کی شہادت کے باوجود فوج شہروں اور اہم تنصیبات کی صفائی اور وائرس کش سپرے کا کام جاری رکھے گی۔“