بوتلوں کے ڈھکن سے بنے شاہکار سے سب حیران

وینزویلا: ایک تخلیقی فن کارنے ری سائیکل شدہ بوتل کے 200000 ڈھکنوں سے اپنے ملک اورلاطینی امریکا کا سب سے بڑا فن پارہ تیار کیا ہے۔ ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے والا یہ خوبصورت فن پارہ رنگ برنگے ڈھکن پلاسٹر سے چپکا کربنایا گیا ہے جو مجموعی طور پر 45 میٹر طویل ہے اور کہیں سے ساڑھے تین میٹر اور کہیں سات میٹر تک پہنچ جاتا ہے۔ اس کی تیاری میں مجموعی طور پر ڈھائی ماہ کا عرصہ صرف ہوا ہے۔

تئیس سالہ آسکر اولیواریز کے اس کام کو بہت سراہا گیا ہے جس میں بوتلوں کے ڈھکنوں کو خاص رنگ دیئے گئے اور اسے احتیاط سے جوڑا گیا تاکہ وہ دور سے کسی صورت یا ماحولیاتی تصور کو واضح کرسکیں۔ جس دیوار پر میورل بنایا گیا ہے وہ ایسکالونا کے قریب واقع ہے جو شہر کاراکاس میں موجود ہے۔ دیوار کی مجموعی لمبائی 45 میٹر ہے ۔

یہاں سے گزرنے والا ہر شخص تصویر دیکھ کر حیران رہ جاتا ہے اور نوجوان آسکرکی کاوشوں کو سراہتا ہے۔ اس میورل میں ماحول، جنگلی حیات اور آب و ہوا میں تبدیلی کو دکھایا گیا ہے۔ یہ فن پارہ مستقبل کی تعمیرات کی تحریک کے تحت بنایا گیا ہے جس کے تحت پورے وینزویلا میں خوبصورت شاہکار بنائے جارہے ہیں۔

سب سے پہلے پوری دیوار پر سفید روغن پھیرا گیا ہے اورڈیزائننگ کی حدود کھینچی گئیں۔ اس کے بعد پلاسٹر کو لیپا گیا اور اس پر احتیاط سے ڈھکنے چپکائے گئے ۔آخر میں پورے میورل کو حتمی طور پر خوبصورت اور ہموار بنایا گیا۔ اس طرح یہ میورل بنا جو اب دنیا بھر میں مقبول ہورہا ہے۔میورل میں مکاؤ طوطوں کو ان کے قدرتی ماحول میں دکھایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سورج مکھی کے پھول، سبز پہاڑیاں اور دیگر چھوٹے بڑے ماحولیاتی عناصر دکھائے گئے ہیں۔ وینزویلا میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا میورل ہے جو عوام میں ماحول کا شعور اجاگر کرنے کے لیے تخلیق کیا گیا ہے۔